بنگلورو، 15/فروری (ایس او نیوز/یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان محض ایک 'اسمبلی ورکشاپ' کے طورپر نہیں بلکہ 'میک ان انڈیا' اور 'میک فار دی ورلڈ' کے تحت مہارت اور صلاحیتوں کو مشترک کرنے کی سمت دفاع اور سلامتی پر مبنی معاملات پر دوست ممالک کے ساتھ شامل ہونا چاہتا ہے۔
مسٹر سنگھ نے یہاں ایرو انڈیا 2023 کے ایک حصے کے طور پر منعقدہ میٹنگ میں مقامی اور عالمی اوریجنل ایکوپمنٹ مینوفیکچررز (او ای ایم) کے 70 سے زیادہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے مشترکہ عالمی امن اور خوشحالی کو حاصل کرنے کے مجموعی مقصد کے ساتھ دفاع میں مکمل 'خود انحصاری' حاصل کرنے کیلئے ملک کے اندر اہم ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے جدید ترین مصنوعات کے ڈیزائن، فروغ دینے اور تیار کرنے کی حکومت کی کوششوں کی حمایت کیلئے ہندوستان اور عالمی صنعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ حکومت نئے خیالات کا خیرمقدم کرتی ہے اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں نجی شعبے کے شراکت داروں کی توانائی، کاروباری جذبے اور صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے رکاوٹوں کو دور کرنے اور کاروبار کو سہولت فراہم کرنے میں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون اور حمایت کی بھی یقین دہانی کرائی۔